حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ قوموں کی کامیابی اور کامرانی کا راز صرف اور صرف آپسی اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے جبکہ نااتفاقی اور تضاد ہمیشہ زوال اور تباہی کا سبب بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوامی احساسات، جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کرتی آئی ہے اور مستقبل میں بھی یہ جماعت جموں وکشمیر کی تہذیب و تمدن، لوگوں کے مفادات اور مذہبی رواداری کی مشعل کو فروزاں رکھنے کے اپنے مشن پر کار بند رہے گی۔ ان باتوں کا اظہار فاروق عبداللہ نے منگل کے روز یہاں اپنی رہائش گاہ پر ہندوارہ، قاضی گنڈ، کپواڑہ، سری نگر، بیروہ، بڈگام، گاندربل، اننت ناگ، کولگام، پلوامہ، ترال اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی لیڈران، عہدیداران، کارکنوں اور عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کیا، جو انہیں رہائی ملنے پر مبارکباد دینے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جس جماعت میں ربط و ضبط ہو اور جہاں جماعت کو ہی بالادستی حاصل ہو اُس جماعت کو زیر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے جانثاروں نے قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں، غربت، افلاس اور فاقہ کشی برداشت کی لیکن جماعت کے ساتھ ہر حال میں وفاء کی۔ اللہ کے فضل و کرم اور پارٹی کارکنوں و عہدیداروں کے اشتراک اور تعاون سے یہ جماعت آج بھی ریاست کے تینوں خطوں میں پیوست ہے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں لوگوں کے مفادات، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی اور کسی بھی صورت میں اپنی بنیادی اصول سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں اور پارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے سے میں بہت زیادہ متاثر ہوا اور میں اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے میری رہائی کے لئے دعا کی۔ مجھے امید ہے کہ باقی قیدیوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جائے گا۔
اس موقعے پر پارٹی کے لیڈران محمد یوسف ٹینگ، ڈاکٹر غلام نبی، سابق ایم ایل اے گاندربل حاجی محمد مقبول بٹ، سید توقیر، پیرزادہ فیروز شاہ، قیصر جلالی اور ڈاکٹر سعید بھی موجود تھے۔